حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پورے ہندوستان میں عید الفطر روایتی عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی گئی۔ شہر عزائے حسین امروہا میں بھی تمام مسالک کے مسلمانوں نے روایتی طریقے سے عید الطفر منائی۔
عید گاہ اور جامع مسجدوں کے ساتھ ساتھ شہر کی تمام چھوٹی بڑی مسجدوں میں مسلمانوں نے نہایت خضوع و خشوع کے ساتھ نماز ادا کی۔ نماز کے بڑے اجتماعات عید گاہ، ملانہ کی جامع مسجد اور شفاعت پوتا کی اشرف المساجد میں نظر آئے۔
اشرف المساجد میں مولانا محمد سیادت نقوی نے نماز عید کی امامت کی اور مسلمانوں کے مسائل اور دینی احکامات پر مبنی خطبہ دیا۔ محلہ ملانہ کی جامع مسجد میں مصلیوں کا عظیم اجتماع ہوا۔ یہاں نماز مفتی محمد سالم نے پڑھائی۔ اور خطبہ دیا۔ شہر میں سب سے پہلے صبح ساڑھے سات بجے عید گاہ میں نماز ادا کی گئی۔
محلہ دربار شاہ ولایت( لکڑہ ) کی مسجد میں قرب و جوار کے مصلی جمع ہوئے۔ اس مسجد میں نماز عید کی امامت مسجد کے امام مولانا علی عمران ترابی نے نے کی۔
تمام مساجد میں نماز کے بعد خطبوں میں ملک میں امن و امان کے قیام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کی خصوصی طور سے دعائیں کی گئیں۔